• منگل. جون 17th, 2025

سماج

samaj.com.pk

یوم دفاع پاکستان بھرپور جوش و جذبے کے ساتھ منایا جا رہا ہے

Bysamaj.com.pk

ستمبر 6, 2024

وطن عزیز کے دفاع کیلئے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے شہدا اور غازیوں کو سلام پیش کرنے کیلئے ملک بھر میں آج یوم دفاع و شہدا بھرپور جوش و جذبے کے ساتھ منایا جا رہا ہے۔

ملک بھر میں یوم دفاع کے موقع پر دن کا آغاز توپوں کی سلامی اور مساجد میں دعاؤں کے ساتھ ہوا۔

مزار قائد پر گارڈز کی تبدیلی کی پروقار تقریب منعقد ہوئی۔

آج کا دن ہمیں 6 ستمبر 1965 کی اس جنگ کی یاد دلاتا ہے جب بزدل دشمن نے رات کے اندھیرے میں بین الاقوامی سرحد عبور کر کے پاکستان پر حملہ کیا لیکن پاک فوج نے دشمن کے مذموم عزائم کو ناکام بنا دیا۔

یوم دفاع و شہدا کی مرکزی تقریب آج رات 8 بجے جی ایچ کیو میں ہو گی، وزیراعظم شہباز شریف تقریب کے مہمان خصوصی ہوں گے، آرمی چیف جنرل عاصم منیر،اعلیٰ سول و عسکری قیادت بھی شریک ہوگی۔

مرکزی تقریب کے دوران وزیراعظم اور آرمی چیف یادگار شہدا پر پھول رکھیں گے،تقریب سے وزیراعظم اور آرمی چیف جنرل عاصم منیر خطاب بھی کریں گے۔

6 ستمبر کےحوالے سے اپنے خصوصی پیغام میں صدرمملکت آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ یہ دن ملکی خودمختاری کے دفاع کی جانب غیر متزلزل قومی عزم کی یاد دلاتا ہے۔

وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ ہم اپنے شہیدوں کو ہمیشہ یاد رکھتے ہیں، ہم زندہ قوم ہیں اور پاکستان ہمیشہ قائم و دائم رہے گا۔ یہ بات انہوں نے یوم دفاع پاکستان کے موقع پر وزیراعلیٰ  ہاؤس سے جاری اپنے پیغام میں کہی۔ وزیراعلیٰ سندھ نے یوم دفاع  پاکستان کے موقع پرافواج کی عظیم قربانیوں کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ 6 ستمبر 1965ء کے دن ہماری افواج نے نہ صرف بہادری سے دشمن کا  مقابلہ کیا بلکہ اُسے پسپا کردیا اور ہم اس دن کو ہر سال بڑی عقیدت و جوش سے مناتے ہیں۔ سید مراد علی شاہ نے کہا کہ پاکستان کی دفاعی صلاحیت ناقابل تسخیر ہے۔ 6 ستمبر 1965 کو دشمن کا اچانک حملہ خود اُس  کے لیے ندامت کا سبب بنا۔ محمد محمود عالم نے ایک منٹ میں دشمن کے 5 جنگی جہاز تباہ کردیئے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس دن ہمارے بہادر جوانوں نے ملک کی حفاظت کے ساتھ ساتھ لاکھوں محب وطن لوگوں کی زندگیاں بھی محفوظ کیں۔ یہ دن ثابت کر تا ہے کہ ہم ایک زندہ قوم ہیں اور ہم اپنے شہیدوں کو ہمیشہ یاد رکھتے ہیں، جنہوں ہمارے آج کے لیے اپنے کل کو قربان کیا۔ وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ پاک فوج مادرِ وطن کے دفاع کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہے؛ ہم اپنی افواج کے شانہ بشانہ ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ایک بار پھر پاکستان انتہائی نازک دور سے گزر رہا ہے، جس پر ہمیں متحد ہونے کی ضرورت ہے۔ وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ پاکستان ہمیشہ قائم و دائم رہے گا۔