کراچی (سماج نیوز گروپ) یوم آزادی پر بچے بچے کو معذوری سے بچانے کا عزم، وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کراچی کی پچاسی یونین کونسلز میں یولیو سے آزادی کی مہم کا آغاز کردیا۔ مہم میں گیارہ لاکھ بچوں کو ویکسین دی جائے گی۔ انتہائی حساس علاقوں میں چار ماہ سے پانچ سال کے درمیان دس لاکھ سینتیس ہزار بچوں کو جدید انجکشن دیے جائیں گے۔ پولیو مہم پندرہ سے بچیس اگست تک جاری رہے گی۔ وزیرعلیٰ سندھ نے گارڈن ایسٹ کی خالد جمیل ڈسپنری میں بچوں کو قطرے پلا کر پولیو سے آزادی کی مہم کا آغاز کیا۔ اس موقع پر صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر عذرہ فضل پیچوہو، صوبائی وزیر منصوبہ بندی و توانائی ناصر حسین شاہ، سینئر وزیر شرجیل انعام میمن اور ذوالفقار شاہ بھی موجود تھے۔ وزیراعلیٰ سندھ نے اس موقع پر بتایا کہ پولیو سے متاثرہ کراچی کے انتہائی حساس علاقوں میں جدید انجکٹر ٹیکنالوجی کا استعمال کیا جا رہا ہے جس سے شہر کو پولیو سے پاک کرنے میں مدد ملے گی تاکہ یہ وائرس صوبے کے دیگر حصوں تک منتقل نہ ہونے پائے۔ سید مراد علی شاہ نے کہا کہ اس سال ملک بھر میں پولیو کے چودہ کیسز رپورٹ ہوئے ہیں جن میں سے دو سندھ میں رپورٹ ہوئے۔ پولیو ایک موذی مرض ہے جس سے بچے کی زندگی تباہ ہوجاتی ہے۔ وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ ہیلتھ ورکرز، رضاکاروں اور سماجی رہنماؤں کی کئی سال کی سپورٹ سے پولیو کیسز میں خاطر خواہ کمی ہوئی ہے لیکن وائرس اب بھی موجود ہے جس کے باعث ہمیں چوکنا رہنے کی ضرورت ہے۔ کامیابی والدین، نگراں اور سماجی رہنماؤں کی مدد سے ہی ممکن ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ محلے کا ایک بھی بچہ ویکسین سے رہ نہ جائے۔ سید مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ ان کی حکومت اس عزم کے ساتھ یوم آزادی منا رہی ہے کہ قوم کا مستقبل پولیو سے محفوظ بنایا جائے۔ آئیے اپنے بچوں کو پولیو سے بچانے کا عزم کریں اور اس بات کو یقینی بنائیں کہ کوئی بھی بچہ ویکسین سے رہ نہ جائے۔ وزیراعلیٰ سندھ نے ہیلتھ ورکرز، رضاکاروں اور پولیو مہم میں شامل تمام افراد کا شکریہ ادا کیا اور ان کے عزم کو پولیو کے خلاف جنگ کی ریڑھ کی ہڈی قرار دیا۔ مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ ہم مل کر پولیو سے آزادی حاصل کرسکتے ہیں۔ اللہ پاک ہمارے بچوں اور قوم کا حامی و ناصر ہو ۔