کراچی (سماج میڈیا گروپ) سندھ اسمبلی کے اسپیکر سید اویس قادر شاہ نے کہا کہ سندھ اسمبلی کے تمام اراکین کی جانب سے قوم کو جشن آزادی مبارک ہو، دعا ہے کہ میرا ملک ہمشیہ ترقی کرے، ملک پر میلی نظر ڈالنے والوں کا قوم مقابلہ کرے، سندھ اسمبلی پاکستان کی بانی ہے یہاں سے قرارداد پاکستان منظور ہوئی، سندھ اسمبلی میں منظور ہونے والے قوانین پر سختی سے عمل ہورہا ہے. اویس قادر شاہ نے کہا کہ 15 سال پہلے سندھ اسمبلی میں قانون سازی کم ہوتی تھی، سندھ اسمبلی کی قرارداد قائد اعظم کا وژن تھا، قائد اعظم کے وژن پر عمل ہونا چاہئے، سب سے پہلے پاکستان ہے، پاکستان ہماری پہچان ہے، دشمن کی میلے نظر کا قوم متحد ہوکر مقابلہ کریگی، ہم سب پاکستان اور زندہ قوم ہیں، ہماری شناخت پاکستان ہے. سید اویس قادر شاہ کا کہنا تھا کہ وقت کی ضرورت ہے کہ سب کو ملکر ملک کے لئے سوچنا ہوگا، ضرورت ہے سیاسی لوگ مل بیٹھ کر اس ملک کیلئے سوچیں, اسپیکر پر الزام لگتا ہے کہ اپوزیشن کو وقت نہیں ملتا، لیکن بطور اسپیکر میرے لیے تمام جماعتیں برابر ہیں، سب کو ساتھ لیکر چلنا ہے. قبل ازیں یوم آزادی کے موقع پر سندھ اسمبلی بلڈنگ میں پرچم کشائی کی تقریب کا انعقاد کیا گیا، اسپیکر سندھ اسمبلی سید اویس قادر شاہ نے اراکین اسمبلی کے ہمراہ پرچم کشائی کی. اسپیکر سندھ اسمبلی اویس قادر شاہ نے یوم آزادی کے موقع پر 77 پونڈ وزنی کیک بھی کاٹا، تقریب میں اراکین سندھ اسمبلی، سیکریٹری اسمبلی غلام فاروق برڑو اور دیگر اسٹاف نے شرکت کی. یوم آزادی کی مناسبت سے خصوصی طور پر تیار کیا گیا قومی پرچم بھی سندھ اسمبلی کے گراؤنڈ میں آویزاں کیا گیا، اسپیکر سندھ اسمبلی نے اسمبلی لان میں پودا لگاکر شجر کاری مہم کا افتتاح بھی کیا اور ملک کی ترقی کے لئے دعا کی. جبکہ تقریب میں پولیس کے چاق وچوبند دستے نے سلامی دی.