سینئر وزیر شرجیل انعام میمن کی زیر صدارت محکمہ اطلاعات کا اجلاس، جھوٹی خبروں، سائبر جرائم اور قومی مفادات کے خلاف مہمات کے مؤثر تدارک کے لیے حکمت عملی پر غور
کراچی: (سماج نیوز) سندھ حکومت نے سوشل میڈیا پر منفی، جھوٹی اور گمراہ کن معلومات کے پھیلاؤ کی روک تھام کے لیے اہم اقدامات کا فیصلہ کرتے ہوئے صوبائی سطح پر ایک خصوصی سیل قائم کرنے کی تجویز پر غور کیا ہے۔ اس امر کا فیصلہ سندھ کے سینئر وزیر اور صوبائی وزیر اطلاعات، ٹرانسپورٹ و ماس ٹرانزٹ شرجیل انعام میمن کی زیر صدارت محکمہ اطلاعات کے ایک اہم اجلاس میں کیا گیا۔
اجلاس میں سیکریٹری اطلاعات کاشف گلزار شیخ، ڈائریکٹر جنرل اطلاعات معز پیرزادہ، ڈائریکٹرز محمد یوسف کابورو، حزب اللہ میمن سمیت دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی۔ اجلاس میں سوشل میڈیا پر منفی اور گمراہ کن پروپیگنڈے، جھوٹی خبروں کے پھیلاؤ اور ملکی و قومی مفادات کے خلاف چلائی جانے والی مہمات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا اور ان کا مؤثر سدباب کرنے کے لیے مختلف تجاویز پر غور کیا گیا۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے شرجیل انعام میمن نے کہا کہ سوشل میڈیا پر گمراہ کن اور غلط معلومات کے پھیلاؤ کی روک تھام اور اس میں ملوث عناصر کے مؤثر محاسبے کے لیے صوبائی سطح پر ایک خصوصی سیل قائم کیا جانا چاہیے، تاکہ جھوٹی خبروں اور منفی پروپیگنڈے کا بروقت تدارک ممکن بنایا جا سکے۔
انہوں نے کہا کہ بعض عناصر سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کو استعمال کرتے ہوئے ملک اور قومی مفادات کے خلاف گمراہ کن معلومات پھیلانے کی کوشش کر رہے ہیں، جو نہ صرف عوام میں بے چینی پیدا کرتی ہیں بلکہ ریاستی اداروں اور قومی یکجہتی کو بھی نقصان پہنچانے کا سبب بنتی ہیں۔
شرجیل انعام میمن نے واضح کیا کہ منفی اور گمراہ کن معلومات پھیلانے والے عناصر کے خلاف قانون کے مطابق مؤثر کارروائی ناگزیر ہے۔ انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت سائبر جرائم کی صوبائی سطح پر روک تھام کے لیے بھی خصوصی سیل کے قیام کی خواہاں ہے تاکہ جدید تقاضوں کے مطابق ایسے جرائم کا مؤثر سدباب کیا جا سکے۔
انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ اظہارِ رائے کی آزادی ہر شہری کا آئینی حق ہے، تاہم آزادیِ اظہار کی آڑ میں جھوٹ، غلط معلومات اور گمراہ کن پروپیگنڈا پھیلانے کی ہرگز اجازت نہیں دی جا سکتی۔
سینئر وزیر نے کہا کہ جھوٹی خبروں اور منفی پروپیگنڈے کا بروقت اور مؤثر تدارک وقت کی اہم ضرورت ہے، اور سندھ حکومت قومی مفادات کے تحفظ، درست معلومات کے فروغ اور ذمہ دارانہ ڈیجیٹل ماحول کے قیام کے لیے ہر ممکن اقدامات کرے گی۔✕