کوئٹہ (سماج میڈیا گروپ) وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی زیر صدارت صوبائی کابینہ کا اجلاس بدھ کے روز منعقد ہوا۔ بلوچستان کابینہ نے صوبے میں دہشت گردی کے حالیہ واقعات کی مذمت کی اور دہشت گردی کے واقعات میں شہید ہونے والے افراد کے لئے فاتحہ خوانی کی گئی۔ وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ بلوچستان اسمبلی نے اتفاق رائے سے دہشت گردی کے واقعات کی مذمت کی۔ صوبائی کابینہ معصوم پاکستانیوں کے قتل کی مذمت کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مٹھی بھر دہشت گرد سوفٹ ٹارگٹ ڈھونڈ کر معصوم افراد کو قتل کرتے ہیں اور نام نہاد بلوچیت کے نام پر بلوچ روایات کو پامال کیا گیا۔ میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ کسی بلوچ نے کسی پنجابی کو نہیں دہشت گردوں نے پاکستانیوں کو مارا ہے۔ وزیراعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ ہم نوجوانوں کو اعلیٰ تعلیم کے لئے ہارورڈ اور آکسفورڈ سمیت دنیا کے اعلٰی تعلیمی اداروں میں بھیجوا رہے ہیں مگر دہشت گرد تنظیمیں نوجوانوں کو تخریب کاری کی جانب راغب کررہی ہیں، فیصلہ بلوچستان کے عوام نے کرنا ہے۔ وزیراعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ گڈ گورننس کے ذریعے عوام کو درپیش مسائل حل کریں گے اور پائیدار ترقی کے لئے درست سمت کا تعین ضروری ہے۔ انہوںنے کہا کہ ہم نے اس عام بلوچستانی کے لئے کام کرنا ہے جو سردی میں ٹھٹھرتا اور گرمی میں جھلستا ہے۔ وزیراعلیٰ میر سرفراز بگٹی نے صوبائی وزراء، چیف سیکرٹری بلوچستان اور سیکرٹریز کو تمام اضلاع کا دورہ کرنے کی ہدایت دی۔