• منگل. جون 2nd, 2026

سماج

سماج کی بہتری کے لئے اپنا کردار ادا کریں

کراچی: 82 منزلہ “برجِ قائد” کی تعمیر کا معاہدہ طے، پاکستان کی بلند ترین عمارت ہوگی

Bysamaj.com.pk

مئی 18, 2026

کراچی (سماج نیوز) شہرِ کراچی میں جدید شہری ترقی کی جانب ایک اہم پیش رفت سامنے آئی ہے جہاں 82 منزلہ بلند و بالا عمارت “برجِ قائد” کی تعمیر کیلئے باضابطہ معاہدہ طے پا گیا۔

ڈی ایچ اے سٹی کراچی اور اے بی ایس ڈیولپرز کے درمیان ہونے والے معاہدے کے تحت “برجِ قائد” کو پاکستان کی بلند ترین عمارت قرار دیا جا رہا ہے، جس کی متوقع بلندی 941 فٹ ہوگی۔ منصوبہ ڈی ایچ اے سٹی کراچی میں تعمیر کیا جائے گا۔

منصوبے کے مطابق جدید طرزِ تعمیر سے مزین “برجِ قائد” تقریباً چھ ایکڑ رقبے پر قائم کی جائے گی جبکہ اس کی تکمیل کیلئے چھ سال کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔

حکام کے مطابق سول ایوی ایشن اتھارٹی سمیت متعلقہ اداروں کی جانب سے منصوبے کیلئے 941 فٹ بلندی کا این او سی بھی جاری کر دیا گیا ہے۔

اے بی ایس ڈیولپرز کا کہنا ہے کہ منصوبے پر بین الاقوامی ماہرین اور کنسلٹنٹس کی نگرانی میں کام کیا جائے گا تاکہ اسے عالمی معیار کے مطابق مکمل کیا جا سکے۔

ماہرین کے مطابق “برجِ قائد” کی تعمیر کراچی میں جدید شہری انفراسٹرکچر، سرمایہ کاری اور کاروباری سرگرمیوں کو فروغ دینے میں اہم کردار ادا کرے گی جبکہ یہ منصوبہ پاکستان میں جدید ہائی رائز ڈیولپمنٹ کے نئے دور کی علامت بھی ثابت ہوسکتا ہے۔