تہران (سماج نیوز) تہران سے جاری ایک اہم سرکاری بیان میں ایران نے خطے میں کشیدگی کم کرنے کے لیے مشروط طور پر جنگ بندی پر آمادگی ظاہر کی ہے۔ یہ اعلامیہ اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیر خارجہ سید عباس اراغچی کی جانب سے جاری کیا گیا۔
بیان کے مطابق ایران نے وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل عاصم منیر کی کوششوں کو سراہتے ہوئے ان کا خصوصی شکریہ ادا کیا، جنہوں نے خطے میں امن کے قیام کے لیے اہم کردار ادا کیا۔
اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ پاکستان کی جانب سے کی گئی سفارتی کوششوں اور امریکہ کی جانب سے پیش کردہ مذاکراتی تجاویز کو مدنظر رکھتے ہوئے ایران نے یہ فیصلہ کیا ہے کہ اگر اس کے خلاف حملے بند کر دیے جائیں تو ایران کی مسلح افواج بھی اپنی دفاعی کارروائیاں روک دیں گی۔
مزید برآں، ایران نے اعلان کیا کہ آئندہ دو ہفتوں کے لیے آبنائے ہرمز سے محفوظ گزرگاہ فراہم کی جائے گی، جس کے لیے ایران کی مسلح افواج کے ساتھ مکمل رابطہ اور تکنیکی شرائط کا خیال رکھنا ضروری ہوگا۔
ماہرین کے مطابق یہ پیش رفت خطے میں کشیدگی کم کرنے کی جانب ایک اہم قدم ثابت ہو سکتی ہے، تاہم اس کا انحصار دیگر فریقین کے ردعمل پر ہوگا۔
سماج کی بہتری کے لئے اپنا کردار ادا کریں۔
مزید تازہ ترین خبروں کے لیے وزٹ کرتے رہیں: www.samaj.com.pk