• ہفتہ. اپریل 18th, 2026

سماج

سماج کی بہتری کے لئے اپنا کردار ادا کریں

Bysamaj.com.pk

مارچ 29, 2026

کراچی (سماج نیوز) سندھ کے سینئر وزیر اور صوبائی وزیر برائے اطلاعات، ٹرانسپورٹ و ماس ٹرانزٹ شرجیل انعام میمن نے جی ایس پی پلس سے متعلق بانی پی ٹی آئی کے صاحبزادے کے بیان کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ جی ایس پی پلس کے خلاف بیان بازی قومی مفاد کے خلاف خطرناک سازش ہے ، اور یہ کسی بھی صورت قابل قبول نہیں۔
ایک بیان میں سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے کہا کہ جی ایس پی پلس اسٹیٹس نہ صرف ملک کو معاشی سہارا دیتا ہے بلکہ لاکھوں پاکستانیوں کے روزگار سے بھی براہِ راست جڑا ہوا ہے، جی ایس پی جیسے حساس معاملے پر سیاسی مقاصد کے تحت بیان دینا دراصل قومی مفادات کو نقصان پہنچانے کے کوشش ہے۔
انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کا مسئلہ جھوٹ بولنا اور اس کو ڈھٹائی کے ساتھ مسلسل ہراتے رہنا ہے، اب یہ تاثر دینے کی کوشش کی جارہی ہے کہ بانی پی ٹی آئی کے فیملی ممبرز نے جی ایس پی پلس کے خلاف کوئی بات نہیں کی، گفتگو میں بھارت نواز افراد بھی موجود تھے، لیکن انہوں نے بھی ایسی کوئی بات نہیں کی جیسی بات بانی پی ٹی آئی کے فیملی ممبران نے کی، یہ تاثر دینا کہ جی ایس پی پلس کے خلاف کوئی بات نہیں کی گئی، حقائق کے برعکس ہے۔
شرجیل انعام میمن نے کہا کہ عوام سب دیکھ اور سمجھ رہے ہیں کہ کس طرح مخصوص حلقے ملک کے خلاف مہم چلا رہے ہیں اور چلاتے رہے ہیں، کچھ لوگ ذاتی اور سیاسی مفادات کے لئے ملک کی عالمی ساکھ کو بھی داؤ پر لگانے سے بھی باز نہیں آرہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کی معیشت چیلنجز سے گزر رہی ہے، اس وقت اتحاد اور سنجیدگی کی ضرورت ہے، کچھ عناصر ذاتی مفادات کے لیے اسی ملک کے خلاف بیانیہ تشکیل دے رہے ہیں، یہ رویہ قابلِ مذمت اور ناقابلِ قبول ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ قومی مفاد کو سیاست کی بھینٹ چڑھانے کی اجازت کسی کو نہیں دی جا سکتی، قوم ایسے طرزِ عمل کو کبھی قبول نہیں کرے گی۔